مسئله: از : مرزا افسر علی بیگ حبیبی قادری جو بر اضلع کٹک ، مورخہ جمادی الاولی ۱۳۹۲ھ
کیا فرماتے ہیں علمائے دین و مفتیان شرع متین اس مسئلہ میں :
بعض بڑے بڑے شہر مثلاً : بمبئی ، کلکتہ و دیگر مقاموں میں جمعہ وعیدین و پنج وقتہ نمازیں لاؤڈ اسپیکر کے ساتھ پڑھائی جاتی ہے۔ دریافت طلب یہ ہے کہ از روئے شرع یہ جائز ہے یا نہیں؟ اگر جائز نہیں تو اس کے ثبوت میں حدیث شریف یا کسی کتب فقہ کی عربی عبارت پیش کریں ۔ اور اس پر عمل کرنے والوں پر شریعت نے کیا حکم نافذ فرمایا ہے؟ بعض لوگ یہ اعتراض کرتے ہیں کہ جن مقاموں میں لاؤڈ اسپیکر سے نماز پڑھائی جاتی ہے کیا وہاں کوئی عالم جاننے والا نہیں ہے؟ وہ کیوں نہیں روکتے اس اعتراض کا جواب بھی تحریر فرمائیں عین کرم ہوگا ۔ فقط
الجواب بعون الملك الوهـــــــــــــاب
لاؤڈ اسپیکر پر امام کی اپنی نماز تو ہو جائے گی مقتدیوں کی نہ ہوگی ۔ لاؤڈ اسپیکر نہ تو مکبر ہے جس کی آواز پر رکوع وسجود کیے جائیں اور نہ امام جس کی آواز سن کر اقتدا کی جائے بلکہ اس کی آواز صدائے بازگشت ہے جو جنگلوں اور پہاڑوں وغیرہ سے از خود یا کسی آواز دینے والے کی آواز پر جواباً آتی ہے۔ فقہا نے صدائے بازگشت کا اعتبار نہیں کیا۔ مراقی الفلاح وغیرہ میں ہے: ولا تجب بسماعها من الصدى، وهو ما يجيب مثل صوتك في الجبال والصحاري ونحوه (مراقي الفلاح شرح متن نور الإيضاح، ج 1، ص 186، کتاب الصلاة، باب سجود التلاوة ) اور طحطاوی علی مراقی الفلاح میں ہے: الصوت الذي يسمعه المصوت عقب صياحه راجعا إليه من جبل أو بناء مرتفع فإنه لا إجابة في الصدى وإنما هو محاكاة ( حاشية الطحطاوي على مراقي الفلاح شرح نور الإيضاح، ج 1، ص 486، کتاب الصلاة، باب سجود التلاوة، دار الكتب العلمية بيروت) یعنی اگر پہاڑوں اور جنگلوں سے آیت سجدہ کی آواز آئے تو اس آواز پر سجدہ تلاوت واجب نہیں چوں کہ نہ اس میں اہلیت ہے اور نہ بعینہ تالی کی آواز ہے بلکہ یہ ایک حکایت اور نقل ہے۔ اگر اس زمانے کے بعض علما کسی مصلحت کی بنیاد پر نہیں روکتے تو اس سے اسلامی قانون نہیں بدل سکتا ۔ فقط
والله اعلم باالصواب و رسوله صلى الله عليه وسلم
کتبہ: محمد عبد الحلیم رضوی اشرفی
جامعہ عربیہ اسلامیہ ناگپور، ۲۱ جمادی الاولی ۱۳۹۲ھ
⚠️ نوٹ: شیئر کارڈ میں اردو کے علاوہ دوسری زبان میں تصویر صحیح نہیں آتی، براہِ کرم پی ڈی ایف ڈاؤن لوڈ کیجئے۔