کیا فرماتے ہیں علمائے دین و مفتیان شرع متین اس مسئلے میں :
قبرستان کے اندر مسجد میں ایک آدمی اذان دینے اور صاف صفائی کرنے کے لیے رکھا ہوا ہے اور وہ مدراس کا ہونے کی وجہ سے اس کے رہنے سہنے اور کھانے پینے کے لیے کوئی دوسری جگہ نہیں ہے، ایسی حالت میں وہ مسجد کے باہر حصہ میں جہاں پر میلاد شریف وغیرہ پڑھا جاتا ہے وہاں پر اگر وہ پکائے اور سوئے تو کیا جائز ہے؟ نیز قبرستان میں اسی جگہ مچھلی اور گوشت پکائے تو کیا حکم ہے؟ اور دوسرے لوگوں کو اپنی طرف سے چائے وغیرہ دے تو پینا کیسا ہے؟ اگر اس کو رہنے سہنے، کھانے پینے سے منع کیا جائے تو اس کو دقت ہوگی اور مسجد کو بند رکھنا پڑے گا اس لیے کہ چوری ہونے کا ڈر ہوتا ہے۔
براہ کرم یہ تحریر فرمائیں کہ مندرجہ بالا اُمور جائز ہیں یا نہیں وہ شخص جہاں پر سوتا ہے اور پکا کر کھاتا ہے اس جگہ کی مثال مندرجہ ذیل نقشہ سے معلوم ہو سکتی ہے۔
الجواب بعون الملك الوهـــاب
اگر وہ جگہ خارج مسجد ہے تو پکا سکتا ہے اور اگر داخل مسجد ہے تو مسجد میں غیر معتکف و غیر مسافر کو کھانا پینا سونا سب نا جائز ہے، بلکہ مسافر کے بارے میں فقہا کا اختلاف ہے۔ اس لیے احتیاط یہ ہے کہ مسافر بھی اعتکاف کی نیت سے رہے۔ اگر گوشت یا مچھلی میں بد بو نہیں ہے تو پکانے میں حرج نہیں ہے۔ وہاں چائے وغیرہ بھی پی جاسکتی ہے۔ قبرستان میں کھانا اور پکانا دونوں مکروہ تنزیہی ہے۔
والله اعلم باالصواب و رسوله صلى الله عليه وسلم
⚠️ نوٹ: شیئر کارڈ میں اردو کے علاوہ دوسری زبان میں تصویر صحیح نہیں آتی، براہِ کرم پی ڈی ایف ڈاؤن لوڈ کیجئے۔