اپنے ساڑھو کے ساتھ اپنی والدہ کو اور اپنی اہلیہ کو اپنے سگے بھائی کے لڑکے یعنی بھتیجے کے ساتھ یا اپنے بھانجے یعنی سگی بہن کے لڑکے کے ساتھ حج پر بھیج سکتے ہیں یا نہیں؟
المستفتى: محمد نبیہ قصاب ابن نصر اللہ قریشی ، شاہجہاں پور (یوپی)
اپنے ساڑھو کے ساتھ اپنی والدہ کو اور اپنے بھتیجے یا بھانجے کے ساتھ اپنی بیوی کو حج بیت اللہ کے لئے نہیں بھیج سکتے ایسا کرنا نا جائز و گناہ ہے وجہ یہ ہے کہ حج پر جانے کے لئے عورت کے ساتھ شوہر یا محرم ہونا شرط ہے خواہ وہ عورت جوان ہو یا بڑھیا اور مذکورہ لوگ محارم سے نہیں ہیں۔
رسولُ اللہ صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم ارشاد فرماتے ہیں: لَا يَحِلُّ لِامْرَأَةٍ تُؤْمِنُ بِاللهِ وَالْيَوْمِ الْآخِرِ أَنْ تُسَافِرَ مَسِيرَةَ يَوْمٍ وَلَيْلَةٍ لَيْسَ مَعَهَا حُرْمَةٌ — (صحيح البخاري - ط السلطانية – البخاري (٢ / ٤٣) یعنی حلال نہیں کسی عورت کو جو اللہ تعالیٰ اور قیامت کے دن پر ایمان رکھتی ہو کہ ایک منزل بھی سفر کو جائے جب تک ساتھ میں شوہر یا وہ رشتہ دار نہ ہو جس سے ہمیشہ ہمیشہ کو نکاح حرام ہے۔
جوہرہ نیرہ میں ہے: (وَيُعْتَبَرُ فِي الْمَرْأَةِ أَنْ يَكُونَ لَهَا مَحْرَمٌ يَحُجُّ بِهَا أَوْ زَوْجٌ) سَوَاءٌ كَانَتْ عَجُوزًا أَوْ شَابَّةً وَهُوَ كُلُّ مَنْ لَا يَجُوزُ لَهُ مُنَاكَحَتُهَا عَلَى التَّأْبِيدِ سَوَاءٌ كَانَ بِالرَّحِمِ أَوْ بِالصُّهُورِيَّةِ أَوْ بِالرَّضَاعِ ،
وَلَا يَجُوزُ لَهَا أَنْ تَحُجَّ بِغَيْرِهِمَا إذَا كَانَ بَيْنَهَا وَبَيْنَ مَكَّةَ مَسِيرَةُ ثَلَاثَةِ أَيَّامٍ فَصَاعِدًا...فَإِنْ حَجَّتْ بِغَيْرِ مَحْرَمٍ أَوْ زَوْجٍ جَازَ حَجُّهَا مَعَ الْكَرَاهَةِ — (الجوهرة النيرة على مختصر القدوري – أبو بكر الحداد (١ / ١٤٩-١٥٠)
اور فتاوی ہندیہ میں ہے: (وَمِنْهَا الْمَحْرَمُ لِلْمَرْأَةِ) شَابَّةً كَانَتْ أَوْ عَجُوزًا إذَا كَانَتْ بَيْنَهَا وَبَيْنَ مَكَّةَ مَسِيرَةُ ثَلَاثَةِ أَيَّامٍ هَكَذَا فِي الْمُحِيطِ — (الفتاوى العالمكيرية = الفتاوى الهندية – محمد أورنك عالم كير (١ /٢١٨، ٢١٩)
لہذا سائل کی والدہ اس کے ہم زلف کے ساتھ حج کو نہیں جا سکتی کہ یہ شخص محرم نہیں بلکہ غیر محرم ہے۔
یونہی اپنی اہلیہ کو اپنے سگے بھتیجے یا بھانجے کے ساتھ بھی حج کے لئے نہیں بھیج سکتا ہے کہ یہ بھی غیر محرم ہیں۔ اس کے انتقال یا طلاق کے بعد ان سے نکاح ہو سکتا ہے۔ ایسا ہی فتاویٰ رضویہ کتاب الحج، ج ۴، ص : ۶۸۰تا ۶۸۴ میں بھی ہے۔ واللہ تعالیٰ اعلم
الجواب صحیح: محمد نظام الدین رضوی برکاتی
الجواب صحیح : محمد ابرار احمد امجدی برکاتی
كتبه: محمد انوار الحق قادری
۱۹ / جمادی الاولی ۱۴۳۰ھ
⚠️ نوٹ: شیئر کارڈ میں اردو کے علاوہ دوسری زبان میں تصویر صحیح نہیں آتی، براہِ کرم پی ڈی ایف ڈاؤن لوڈ کیجئے۔