جن روپیوں کی زکاۃ ادا نہیں کی گئی ان سے حج کرنا کیسا ہے؟ یا جن روپیوں سے حج کیا ان کی تو زکاۃ ادا کر دی لیکن اس کے ذمہ پچھلی زکاۃ یا عشر باقی ہے تو اس کا حج ادا ہوگا یا نہیں؟ بینوا توجروا۔
المستفتی: زبیر احمد قادری دار العلوم علی حسن ، اہل سنت ، سا کی ناکہ ممبئی
بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ
حج ادا کرنے کے لیے اور اس کے مقبول ہونے کے لیے مال طیب کا ہونا ضروری ہے اور جن روپیوں کی ابھی زکاۃ ادا نہیں کی گئی وہ روپے مال طیب نہیں لہٰذا ان روپیوں سے اگر حج کیا تو حج فرض تو ادا ہو جائے گا لیکن قبول حج کی امید نہیں۔ بہار شریعت میں ہے: تو شہ مال حلال سے لے ورنہ قبول حج کی امید نہیں اگر چہ فرض اتر جائے گا اھ (ص ۱۶ ح ۶ )
اور جن روپیوں سے حج کیا ان روپیوں کی زکاۃ ادا کر دی تھی تو وہ روپے اس کے لیے حلال و طیب تھے اور حلال و طیب مال سے حج کرنے سے حج فرض ادا ہو جاتا ہے کیوں کہ جب مال حرام سے حج کرنے سے فرض اتر جاتا ہے گو کہ مقبول نہیں تو حلال و طیب مال سے بدرجہ اولیٰ ادا ہو گا۔ یہ اور بات ہے کہ اس کے ذمہ جو زکاۃ یا عشر باقی ہے اگر نہیں ادا کرے گا تو گنہگار ہوگا۔ ردالمحتار میں یہ "لَا يُقْبَلُ بِالنَّفَقَةِ الْحَرَامِ ، مَعَ أَنَّهُ يَسْقُطُ الْفَرْضُ عَنْهُ مَعَهَا (حاشية ابن عابدين = رد المحتار ط الحلبي – ابن عابدين (٢ / ٤٥٦) واللہ تعالیٰ اعلم
الجواب صحیح: محمد نظام الدین رضوی برکاتی
الجواب صحیح : محمد ابرار احمد امجدی برکاتی
كتبه : فیض محمد قادری مصباحی
۱۵ ربیع النور ۱۴۲۶ھ
⚠️ نوٹ: شیئر کارڈ میں اردو کے علاوہ دوسری زبان میں تصویر صحیح نہیں آتی، براہِ کرم پی ڈی ایف ڈاؤن لوڈ کیجئے۔