کیا فرماتے ہیں علمائے دین وملت اس مسئلہ میں :
ایک شخص ابھی باحیات ہے اور اپنی حیات ہی میں اپنے لئے قبر اور اس کے اوپر گنبد تیار کروالیا ہے اب مسئلہ غور طلب یہ ہے کہ کیا اس طرح حیات ہی میں قبر اور پھر اس کے اوپر گنبد تیار کر کے رکھوانا جائز ہے یا نہیں؟ قرآن وحدیث کی روشنی میں تشفی بخش جواب دے کر شکریہ کا موقع عنایت کریں۔
بسم الله الرحمن الرحيم
زندگی ہی میں پہلے سے اپنے لئے قبر نہ بنانا چاہئے کہ بے کار اور بے معنی ہے اس لئے کہ معلوم ہی نہیں کہ اس کا انتقال کب اور کہاں ہوگا۔ اللہ عز وجل کا ارشاد پاک ہے: وَ مَا تَدْرِیْ نَفْسٌۢ بِاَیِّ اَرْضٍ تَمُوْتُؕ ( سورۃ لقمان آیت ۳۴) لہذا اپنی حیات ہی میں اپنے لئے قبر تیار کروانا منع ہے۔
درمختار باب صلاة الجنازة میں ہے: والذي ينبغي أن لا يكره تهيئة نحو الكفن، بخلاف القبر.— الدر المختار شرح تنوير الأبصار وجامع البحار – علاء الدين الحصكفي (١٢٣) لقوله تعالی ﴿وَمَا تَدْرِي نَفْسٌ بِأَيِّ أَرْضٍ تَمُوتُ﴾ [لقمان: ٣٤]
اور اسی طرح کے ایک سوال کے جواب میں اعلیٰ حضرت رضی اللہ عنہ تحریر فرماتے ہیں کہ کفن پہلے سے تیار کرنے میں کوئی حرج نہیں اور قبر پہلے سے بنانا نہ چاہئے (فتاوی رضویہ ج ۳ ص ۸۲) ایسا ہی بہار شریعت ح ۴ ص ۱۴۶ پر بھی ہے۔
اور جب قبر بنانا عند الشرع نا پسندیدہ ہے تو مزار و گنبد بنانا بدرجہ اولیٰ نا پسندیدہ ہوگا۔ واللہ تعالی اعلم
⚠️ نوٹ: شیئر کارڈ میں اردو کے علاوہ دوسری زبان میں تصویر صحیح نہیں آتی، براہِ کرم پی ڈی ایف ڈاؤن لوڈ کیجئے۔