رسول کریم علیہ الصلوة والسلام بشر ہیں ، مگر بے مثل ہیں، اگر آپ کو بشر کہا جائے تو کوئی گناه نہیں کیونکہ آپ کا جسد بشر پر دلالت کرتا ہے،اس مسئلہ کی وضاحت کریں ۔بینوا و توجروا
حضور پر نور شافع یوم النشور صلی الله تعالٰی علیہ وسلم الله تعالیٰ کے برگزیده رسول ہیں نورِ خدا ہیں، بنی نوع انسان سے انسان اکمل ہیں، بے مثل انسان ہیں، بے مثل بشر ہیں بے مثل نبی ہیں، بے مثل رسول ہیں، بے مثل حبیب خدا عز و جل ہیں، الله تعالیٰ کے پیارے خاص بندے ہیں، اور مخلوقِ خدا کے مختار و آقا باذن الله ہیں، آپ بلا شبہ بشر ہیں، مگر نور ہیں، بے مثل ہیں ، محاورے میں آپ کو یہ کہنا کہ آپ صرف بشر ہیں، یہ بے ادبوں گستاخوں کا طریقہ ہے، شے کا تحقق اور چیز ہے، شے کا بیان کرنا اور تعبیر کرنا اور چیز ہے، ادب کا دارو مدار عرف میں ہے، لہذا عرفا جو بات بے ادبی کی ہو وه بے ادبی میں شمار ہوگی ، مثلا اگر کوئی شخص کہے کہ سائل حیوان ہےد وٹانگوں پر چلتا ہے، یا سائل کا بیٹا اپنے باپ کو یوں کہے میری ماں کے خاوند، میری ماں کے زوج ادھر آؤ یا والده کو یوں کہے، میرے باپ کی بیوی کھانا دو یا اپنے باپ کی قریبی رشتہ دار بتائے ، یہ بات تحقق کے اعتبار سے صحیح ہے، مگر محاورے کے اعتبار سے بے ادبی و گستاخی ہے ، حضور نبی کریم علیہ الصلوة والسلام خلیفۃ الله ہیں، الله تعالیٰ ان کے دربار کی حاضری نصیب فرمائے ، اس کی توفیق عطا فرمائے، اور اس کے آداب عطا فرمائے ان سے گفتگو عرض معروض کے طریقے سکھائے ، آمین۔ ان کی پیاری آواز پر آوازبلند ہو جانے کو اعمال کے ضائع ہو جانے کا سبب ٹھہرایا، الله رب العزت کو یہ پسند نہیں کہ میرے محبوب صلی الله تعالٰی علیہ وسلم کی پیاری آواز پر کسی کی آواز بلند ہو، الله تعالیٰ نے اپنے محبوب کی اطاعت کو اپنی اطاعت فرمایا: مَنْ یُّطِعِ الرَّسُوْلَ فَقَدْ اَطَاعَ اللّٰهَۚ ، (1) ان کی بیعت کو اپنی بیعت فرمایا: اِنَّ الَّذِیْنَ یُبَایِعُوْنَكَ اِنَّمَا یُبَایِعُوْنَ اللّٰهَؕ- (2) آپ کی اتباع کو اپنی محبت کا واسطہ ٹھہرایا فرمایا:قُلْ اِنْ كُنْتُمْ تُحِبُّوْنَ اللّٰهَ فَاتَّبِعُوْنِیْ یُحْبِبْكُمُ اللّٰهُ (3) آپ کے ذکر کو اپنا ذکر فرمایا، حدیث قدسی میں ہے: فمن ذكرك ذكرنى او كما قال ، آپ کے ذکر کو اپنی یاد کے ساتھ ملایا ، لا الله الا الله محمد رسول الله، اذان میں، قرآن میں، خطبہ نماز واقامت میں تشہد میں اپنے حبیب کی یاد کو بلندی عطا فرمائی۔ سبحان الله کیسی شان ہے حبیب خدا کی، وه رحمۃ اللعالمین ہیں، الله تعالی کے نائب اعظم ہیں، اور خدا کی خدائی کے آقا و بادشاه ہیں، انبیاء مرسلین کے سرتاج و امام ہیں، ملائکہ مقربین کے بادشاه اور سرتاج ہیں ، دائره امکان میں جتنی عزتیں شرافتین بزرگیاں فضائل مناقب محامد درجات علو مراتب ہیں، سب کے آپ جامع ہیں، آپ کے کمال کی کوئی حد نہیں، انسان کے احاطہ بیان سے باہر ہے، الوہیت الوہیت کی صفات کے علاوه اور یہود و نصاری کے جھوٹے ادعا کے علاوه جو خوبی چاہو جس فضل و کمال کو چا ہوا سے رسول اکرم علیہ السلام کی طرف منسوب کرو۔
مُنَّزَّهٌ عن شریكٍ فِي محاسنھِ ... فَجَوْھَرُ الحُسْنِ فِیھِ غیرُ مُنْقَسِمِ!!
دَعْ مَا ادَّعَتْھُ النَّصَارى فِي نَبِیِّھِم ... وَاحْكُمْ بِمَا شِئْتَ مَدْحًا فِیھِ وَاحْتَكِم
فإِنَّ فَضْلَ رسول الله لیسَ لَھُ ... حَدٌ فَیُعْرِبُ عَنھُ ناطقٌ بِفَمَ
جس ذات کریم کے ایسے فضائل و محامد و مناقب ہوں ان کو محاوره میں صرف بشر کہنا بے ادبی ہے، خصوصاً اس زمانہ میں وہابی دیو بندی، غیر مقلد، مرزائی ، قادیانی، شیعہ رافضی چکڑالوی ، مودودی وغیره بے دین فرقے شان الوہیت و نبوت و ولایت میں تحریراً تقریر ا گستاخیاں کرتے ہیں، لہذا اہل حق اہل سنت و جماعت پر لازم ہے کہ انبیاء مرسلین علیہم الصلوٰة والسلام اور مدنی تاجدار سید الانبیاء علیہ الصلوٰة والسلام کی شان میں ادب اور عزت کا حکم استعمال کریں، الله تعالیٰ ہدایت دے اور چشم بصیرت عطا کرے، اور تمام باطلہ مذاہب سے بچائے، اور ان کو ہدایت دے آمین۔ والله تعالیٰ ورسولہ الاعلیٰ اعلم
(1) ↩ترجمۂ کنزالایمان: ’’جس نے رسول کا حکم مانا بے شک اُس نے اللہ کا حکم مانا۔‘‘(پ۵، النساء:۸۰)
(2) ↩ ترجَمۂ کنزالایمان: وہ جو تمہاری بیعت کرتے ہیں وہ تو اللّٰہ ہی سے بیعت کرتے ہیں۔(پ۲۶،الفتح : ۱۰)
⚠️ نوٹ: شیئر کارڈ میں اردو کے علاوہ دوسری زبان میں تصویر صحیح نہیں آتی، براہِ کرم پی ڈی ایف ڈاؤن لوڈ کیجئے۔