کیا فرماتے ہیں علمائے دین ومفتیان شرع متین مسئلہ ذیل میں :
ہندہ کا عقد محمود کے ساتھ مقرر ہوازید وکیل بنا اور عمر و بکر گواہ بنے اور قاضی خالد ہے۔ مہر ۵۰۰ ؍ روپیہ مقرر ہوا۔ اب اس کے آگے آپ بتائیں کہ صحیح طریقہ کیا ہے؟ کس طرح سے اجازت وغیرہ اور ایجاب وقبول وغیرہ ہونا چاہیے۔ بينوا وتوجروا رحمكم الله تعالى في الدارين خيراً
الجواب بعون الملك الوهـــاب
اس کا صحیح طریقہ یہ کہ زید وکیل ہندہ سے اپنی وکالت کی اجازت لے لے ہندہ جب زید کو اپنے نکاح کا وکیل بنادے تو دو گواہوں کے سامنے زید محمود سے ایجاب کرائے ایجاب کرانے کی صورت یہ ہے کہ زید وکیل یوں کہے : فلاں کی لڑکی ہندہ بعوض مبلغ پانچ سوروپے سکہ رائج الوقت میری وکالت سے ان دو گواہوں کے سامنے آپ کی زوجیت میں دی ہے آپ نے قبول کیا؟ اگر محمود کہتا ہے کہ میں نے قبول کیا تو نکاح ہو گیا۔ زید وکیل کو یہ حق نہیں کہ وہ ہندہ کے نکاح کا وکیل بنے اور خالد قاضی سے کہے کہ آپ ایجاب کرا دیجئے ، ہاں زید کے ایک دفعہ ایجاب کر ا دینے کے بعد اگر خالد قاضی زید کی وکالت سے انہیں الفاظ کو دہرادے تو کوئی حرج نہیں ۔ فقط
والله اعلم باالصواب و رسوله صلى الله عليه وسلم
⚠️ نوٹ: شیئر کارڈ میں اردو کے علاوہ دوسری زبان میں تصویر صحیح نہیں آتی، براہِ کرم پی ڈی ایف ڈاؤن لوڈ کیجئے۔