مکرمی جناب مفتی صاحب مدظلہ جامعہ عربیہ ناگپور السلام علیکم ورحمۃ اللہ و برکا تہ گزارش خدمت ہے :
ہمارے یہاں ماہ رجب میں مرغوں کی نیاز کرتے ہیں۔ مرغ ذبح کر کے پلاؤ گوشت پکا کر فاتحہ کا ثواب رجب ہٹیلے کوئی پیر صاحب ہیں، ان کی روح کو بخشتے ہیں اور بعد فاتحہ کے لوگوں کو کھلاتے ہیں۔ گوشت کی ہڈیاں وغیرہ، بچا ہوا کھانا یا زخمی کھانا وغیرہ ایک گڑھا کھود کر گاڑ دیتے ہیں۔ آپ سے مؤدبانہ التماس ہے کہ کیا اس طریقہ سے نیاز کرنا شرع مبین کے مطابق جائز ہے یا نا جائز ؟ جواب باصواب سے مطلع کیجئے ۔ فقط
الجواب بعون الملك الوهاب
اگر بسم اللہ پڑھ کر مرغ ذبح کیا گیا اور اس کے گوشت سے پلاؤ پکا کر نیاز دلائی گئی تو شرعاً کوئی قباحت نہیں ۔ یونہی پیر صاحب مذکور واقعی بزرگ ہیں تو لوگوں کو کھانا کھلا کر ان کی روح کو ایصالِ ثواب کرنے میں بھی کوئی حرج نہیں۔ البتہ بچا ہوا کھانا زمین میں دفن کر دینا اسراف ہے اور رزقِ خداوندی کو ضائع کرنا ہے، بلکہ زمین میں دفن کرنے کے بجائے کسی غریب کو دے دینا چاہیے تا کہ صدقہ کا ثواب حاصل ہو ۔ فقط
والله اعلم باالصواب و رسوله صلى الله عليه وسلم
⚠️ نوٹ: شیئر کارڈ میں اردو کے علاوہ دوسری زبان میں تصویر صحیح نہیں آتی، براہِ کرم پی ڈی ایف ڈاؤن لوڈ کیجئے۔