بخدمت شریف مفتی صاحب جامعہ عربیہ اسلامیہ ناگپور السلام علیکم ورحمۃ اللہ و برکاتہ
کیا فرماتے ہیں علمائے دین و مفتیان شرع متین مسئلہ ذیل میں :
(۱) ایک ہندو اس بات کا دعوی کرے کہ میں اولیاء اللہ میں سے کوئی بھی درگاہوں میں سجادہ نشین ہو سکتا ہوں کیا یہ صحیح ہے؟
(۲) سجادہ نشین ہونے کی کیا تعریف ہے اور اولیاء اللہ کے مزار پاک پر سجادہ کون ہو سکتا ہے؟ فقط
الجواب بعون الملك الوهـــاب
(۱) کسی اولیاء اللہ کے آستانے کا سجادہ نشین کوئی ہندو نہیں ہوسکتا۔ قرآن پاک کا ارشاد ہے: "وَ لَنْ یَّجْعَلَ اللّٰهُ لِلْكٰفِرِیْنَ عَلَى الْمُؤْمِنِیْنَ سَبِیْلًا" (النساء: ۱۴۱) اور اللہ کافروں کو مسلمانوں پر کوئی راہ نہ دے گا۔ تفسیر جلالین کے حاشیہ پر اسی آیت کے تحت ہے: ولا ورث الكافر للمسلم (حاشية تفسير الجلالين ص: ٩٠ سورة النساء حاشية : ١٣) کوئی کا فرکسی مسلمان کا وارث نہ ہوگا۔
(۲) سجادہ نشین وہ مسلمان پابند شرع ہو گا جو اولیاء اللہ اور بزرگان دین کے نقش قدم پر چلے۔ ان کی تعلیمات اور ان کے مشن کی تبلیغ کرے، مذہب اسلام کو فروغ دے اور عام مسلمانوں کے لیے رشد و ہدایت کا سبب بن سکے۔
والله اعلم باالصواب و رسوله صلى الله عليه وسلم
⚠️ نوٹ: شیئر کارڈ میں اردو کے علاوہ دوسری زبان میں تصویر صحیح نہیں آتی، براہِ کرم پی ڈی ایف ڈاؤن لوڈ کیجئے۔