کیا فرماتے ہیں علمائے دین و مفتیان شرع متین اس مسئلہ میں :
ایک رات میں پورا قرآن مجید پڑھنا یعنی تراویح کے ساتھ پڑھنا کیسا ہے؟ مع حدیث و قرآن شریف کے حوالہ دیں اور اس بارے میں پوری تفصیل کے ساتھ بتائیں؟ رمضان المبارک میں شبینہ میں قرآن ختم کرنا کیسا ہے؟ فقط ۔
الجواب بعون الملك الوهـــاب
تراویح میں ایک ختم قرآن پاک سنت مؤکدہ اور دوختم فضیلت اور تین ختم افضل ہے۔ اور قوم کی سستی سے ترک نہ کیا جائے گا۔ در مختار میں ہے: ”وَالْخَتْمُ مَرَّةً سُنَّةٌ وَمَرَّتَيْنِ فَضِيلَةٌ وَثَلَاثًا أَفْضَلُ. وَلَا يُتْرَكُ الْخَتْمُ لِكَسَلِ الْقَوْمِ“ (الدر المختار شرح تنوير الأبصار وجامع البحار – علاء الدين الحصكفي، ص 94، كتاب الصلاة، باب الوتر والنوافل، دار الکتب العلمیة بیروت) شبینہ مکروہ ہے جب کہ لوگوں پر شاق گزرے۔ حدیث شریف میں ہے: "إِذَا أَمَّ أَحَدُكُمُ النَّاسَ فَلْيُخَفِّفْ" (سنن الترمذي، ج: 1، ص : 461، باب ما جاء إذا أم أحدكم الناس فليخفف، الحدیث : 236) جب تم میں کا کوئی امامت کرے تو ہلکی نماز پڑھائے ۔ ردالمحتار میں ہے: ”قَوْلُهُ الْأَفْضَلُ فِي زَمَانِنَا لِأَنَّ تَكْثِيرَ الْجَمْعِ أَفْضَلُ مِنْ تَطْوِيلِ الْقِرَاءَةِ“ (حاشية ابن عابدين = رد المحتار – الحلبي – ابن عابدين، ج 2، ص 47 ، كتاب الصلاة، باب الوتر والنوافل) یعنی کثرت جماعت تطویل قرآت سے افضل ہے۔ لیکن ایک یا دورات میں پورے قرآن کا ختم کرنا قوم پر گراں نہ ہو تو شبینہ میں کوئی حرج نہیں۔ فقط
والله اعلم باالصواب و رسوله صلى الله عليه وسلم
⚠️ نوٹ: شیئر کارڈ میں اردو کے علاوہ دوسری زبان میں تصویر صحیح نہیں آتی، براہِ کرم پی ڈی ایف ڈاؤن لوڈ کیجئے۔