کیا فرماتے ہیں علمائے دین ومفتیان شرع متین مسئلہ ذیل میں :
تصرفات اولیاء کا ثبوت دنیا سے پردہ فرمانے کے بعد اگر کسی حدیث سے ملتا ہو تو تحریر فرمائیں۔
الجواب بعون الملك الوهـــاب
ولی اللہ سے مدد مانگنا خواہ وہ حیات ظاہری میں ہوں یا بعد ِوصال بہر حال جائز ہے۔ تفسیر کبیر پارہ الم زیر آیت ” وَ اِذْ قَالَ رَبُّكَ لِلْمَلٰٓىٕكَةِ “ کی تفسیر میں ہے: حضرت عبد اللہ بن عباس رضی اللہ تعالیٰ عنہما سے روایت ہے کہ جو کوئی جنگل میں پھنس جائے تو کہے: ” اعینونی يا عباد الله يرحمكم الله“ (التفسير الكبير ج: 2، ص: 387، سورة: بقرة، آیت: 30) اے اللہ کے بندو! میری مدد کرو اللہ تم پر رحم فرمائے۔ حصن حصین ص: ۸۲ میں ہے: ”وَإِنْ أَرَادَ عَوْنًا فَلْيَقُلْ: يَا عِبَادَ اللَّهِ أَعِينُونِي “(حصن حصين، ص 8، ادعية السفر) جب مدد لینا چاہے تو کہے اے اللہ کے بندو! میری مدد کرو تین مرتبہ ۔
حاشیه مشکوۃ نیز اشعۃ اللمعات شرح مشکوۃ شریف میں محقق علی الاطلاق حضرت مولانا شیخ عبد الحق محدث دہلوی رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ فرماتے ہیں: ” امام شافعی گفتہ است قبر موسیٰ کاظم تریاق مجرب است برائے اجابت دعا وحجۃ الاسلام امام محمد غزالی گفتہ ہر کہ استمداد کرده شود بوی درحیات استمداد کرده می شود بوی بعد از وفات و یکے از مشائخ عظام گفتہ است دیدم چار کس را از مشائخ کہ تصرف می کنند در قبور خود مانند تصرفہائے ایشاں در حیات خود یا بیشتر شیخ معروف کرخی و شیخ عبد القادر جیلانی و دوکس دگر را از اولیاء شمرده“۔ (حاشیه مشکوۃ، ص 154، لمعات التنقيح في شرح مشكاة المصابيح - عبد الحق الدهلوي، كتاب الجنائز، باب زيارة القبور، ج 4، ص 215، دار النوادر، دمشق - سوريا) یعنی امام شافعی رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے فرمایا کہ موسیٰ کاظم رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی قبر مبارک قبولیت دعا کے لیے آزمودہ تریاق ہے اور حجۃ الاسلام امام محمد غزالی نے فرمایا کہ جن سے حیات ظاہری میں مدد مانگی جاسکتی ہے ان سے وفات کے بعد بھی مدد مانگی جا سکتی ہے، اور مشائخ عظام میں سے ایک نے فرمایا کہ میں نے چار شخصوں کو دیکھا کہ وہ اپنی قبروں میں ایسی ہی تصرف کرتے ہیں جیسے اپنی ظاہری حیات میں بلکہ اس بھی زیادہ۔ حضرت شیخ معروف کرخی اور حضرت شیخ عبد القادر رضی اللہ تعالیٰ عنہما اور دوسرے دو اور بزرگوں کو شمار کرایا۔ ان احادیث مذکورہ بالا و اقوال ائمہ سے واضح ہو گیا کہ اولیاء کرام بعدِ وصال تصرفات کا اختیار باذنِ الہی رکھتے ہیں۔ بطورِ اختصار چند حوالے پیش کیے گئے ۔ مزید تحقیقات کے لیے جاء الحق کا مطالعہ کریں۔
والله اعلم باالصواب و رسوله صلى الله عليه وسلم
⚠️ نوٹ: شیئر کارڈ میں اردو کے علاوہ دوسری زبان میں تصویر صحیح نہیں آتی، براہِ کرم پی ڈی ایف ڈاؤن لوڈ کیجئے۔