کیا فرماتے ہیں علمائے دین و مفتیان شرع متین مندرجہ ذیل مسائل میں :
لوگ جب کوئی ایسی بات ہوتی ہے یا کچھ پوچھا جاتا ہے تو کہہ دیا کرتے ہیں ”خدا جانے اس کا رسول جانے“ تو یہی امام صاحب فرماتے ہیں کہ آدمی کو ایسا نہیں کہنا چاہیے، کیوں کہ اللہ عالم الغیب ہے اور رسول کو علم غیب نہیں؟
الجواب بعون الملك الوهـــاب
نبی کے علم غیب کا مطلقاً انکار نبوت کا انکار ہے۔ عربی کے لغات متداولہ میں ”المنجد“ کو کافی شہرت حاصل ہے۔ اس المنجد میں نبی کا معنی لکھا ہے: ” النبيئ و النبي المخبر عن الغیب“ یعنی نبی کا معنی غیب کی خبر دینے والا۔ دیو بند کی کتاب مصباح اللغات میں ہے: ” النبیئی والنبی“ یعنی نبی اللہ تعالیٰ کے الہام سے غیب کی باتیں بتانے والا۔ آئندہ کی پیشن گوئی کرنے والا ۔ (مصباح اللغات، ص ۸۴۷ ) جسے غیب کا علم نہیں وہ غیب کی خبر کیا دے گا۔ قرآن وحدیث اور بزرگوں کے اقوال حضور کے علم غیب پر شاہد عدل ہیں۔ اللہ رب العزت فرماتا ہے: " وَ عَلَّمَكَ مَا لَمْ تَكُنْ تَعْلَمُؕ-وَ كَانَ فَضْلُ اللّٰهِ عَلَیْكَ عَظِیْمًا " ( النساء: ۱۱۳) اے محبوب! جو کچھ تم نہیں جانتے تھے وہ سب اللہ نے بتادیا اورتم پر اللہ کا بڑا فضل ہے۔ دوسری آیت میں ہے: ” وَ مَا هُوَ عَلَى الْغَیْبِ بِضَنِیْنٍ“ (التكوير: ۲۴) اور وہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم غیب کی باتیں بتانے پر بخیل نہیں ۔ سنن ترمذی میں حضرت معاذ بن جبل رضی اللہ تعالی عنہ سے روایت ہے ، انہوں نے کہا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”فَإِذَا أَنَا بِرَبِّي تَبَارَكَ وَتَعَالَى فِي أَحْسَنِ صُورَةٍ، فَقَالَ: يَا مُحَمَّدُ، قُلْتُ:" لَبَّيْكَ رَبِّ"، قَالَ: فِيمَ يَخْتَصِمُ الْمَلَأُ الْأَعْلَى؟ قُلْتُ:" لَا أَدْرِي"، قَالَهَا ثَلَاثًا، قَالَ:" فَرَأَيْتُهُ وَضَعَ كَفَّهُ بَيْنَ كَتِفَيَّ حَتَّى وَجَدْتُ بَرْدَ أَنَامِلِهِ بَيْنَ ثَدْيَيَّ، فَتَجَلَّى لِي كُلُّ شَيْءٍ وَعَرَفْتُ“(سنن الترمذی، ج 3، ص 221، كتاب تفسير القرآن عن رسول الله صلى الله عليه وسلم، باب ومن سورة ص، الحدیث : 3235) اچانک اپنے رب کے ساتھ ہوں اچھی صورت میں پروردگار نے فرمایا یامحمد ( صلی اللہ علیہ وسلم ) ! میں نے عرض کی : پروردگار ! حاضر ہوں۔ اللہ رب العزت نے فرمایا: ملَأاعلیٰ کے فرشتے کس بات میں جھگڑتے ہیں؟ میں نے عرض کی : میں نہیں جانتا، پروردگار نے تین مرتبہ یہی دریافت فرمایا۔ حضور نے فرمایا کہ میں نے دیکھا کہ پروردگار نے اپنا دست قدرت میرے دونوں کندھوں کے درمیان رکھا یہاں تک کہ مجھے اس کے پوروں کی ٹھنڈک اپنی دونوں چھاتیوں کے درمیان معلوم ہوئی۔ پس مجھ پر ہر چیز ظاہر ہوگئی۔ اور میں نے ان سب کو پہچان لیا۔ مواہب لدنیہ میں طبرانی سے بروایت ابن عمر رضی اللہ تعالیٰ عنہما مروی ہے:”قَالَ قَالَ رَسُولُ اللهِ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ:”إنّ الله قدْ رَفَعَ لِيَ الدُّنْيا فَأَنا أنْظُرُ إلَيْها وإِلَى مَا هُوَ كائِنٌ فِيهَا إِلَى يَوْم القيَامَةِ كأنَّما أنْظُرُ إِلَى كَفّي هذِهِ“ (المواهب اللدنية – القسطلاني (ت ٩٢٣هـ)،الجز الثالث، ص: 129، الفصل الثالث في انبائه والله بالنباء المغيبات، المكتبة التوفيقية، القاهرة- مصر) راوی نے کہا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ: بے شک اللہ تعالیٰ نے میرے سامنے دنیا کو پیش کر دیا ہے پس میں اس کو اور جو چیزیں اس میں قیامت تک ہونے والی ہیں ان سب کو میں ایسے دیکھ رہا ہوں جیسے اس ہتھیلی کو ۔ حضرت شیخ مولا نا عبد الحق محدث دہلوی رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ اشعۃ اللمعات میں ”فَعَلِمْتُ مَا فِي السَّمَوَاتِ وَالْأَرْضِ“ کی تشریح یوں فرماتے ہیں: ” عبارت است از حصول تمامہ علوم جزوی و کلی واحاطہ آں“ یعنی اس حدیث سے مراد کہ میں نے جان لیا جو زمینوں میں اور آسمانوں میں ہے تمام جزئی و کلی کے حاصل ہونے اور اس کا احاطہ کرنے سے ہے۔ علامہ بوصیری رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ اپنے قصیدہ بردہ شریف میں فرماتے ہیں :
فَإِنَّ مِنْ جُودِكَ الدُّنْيَا وَضَرَّتَها وَمِنْ عُلُومِكَ عِلْمَ اللَّوحِ وَالقَلَمِ
یا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم! بے شک آپ کی تمام بخششوں میں دنیا و آخرت ہے۔ اور آپ کے جملہ علوم میں سے بعض لوح و قلم کا علم ہے۔ لوح محفوظ کے بارے میں قرآن کا ارشاد ہے: ”وَ كُلُّ صَغِیْرٍ وَّ كَبِیْرٍ مُّسْتَطَرٌ“ (القمر : ۵۳) ہر چھوٹی بڑی چیز اس میں لکھی ہے۔ جہاں پر چھوٹی بڑی چیز لکھی ہو وہ حضور صلی اللہ علیہ وسلم کے علم میں سے بعض علم ہے تو حضور کے کل علوم کا اندازہ خدائے تعالیٰ کے سوا کون لگا سکتا ہے؟ بہر حال ان آیات واحادیث مذکورہ بالا اور بزرگان ملت کے اقوال سے اچھی طرح واضح ہو گیا کہ سرکار دو عالم صلی اللہ علیہ وسلم کو اللہ تعالیٰ نے ”علم ما کان و ما یکون “ عطا فرمایا ہے۔ جس کا انکار کوئی بددین گمراہ ہی کر سکتا ہے۔ جب قرآن وحدیث اور بزرگوں کے اقوال سے حضور کا علم غیب بعطائے الہی حاصل ہو گیا تو اب کسی امر میں مسلمانوں کا یہ کہنا کہ اللہ و رسول جانے کوئی حرج نہیں ۔ صحابہ کرام نے بہت سے مقامات و مواقع پر سرکار صلی اللہ علیہ وسلم کے جواب میں کہا: ”الله و رسوله اعلم “ اللہ اور اس کا رسول جانے ۔ امام مذکور وہابی ہے، وہ کسی طرح امامت کے لائق نہیں ۔ مسلمانوں پر ضروری ہے کہ اسے امامت سے برطرف کر کے کسی دوسرے سنّی صحیح العقیدہ کو امام مقرر کریں جو مسائل نماز و طہارت سے واقف ہو۔
والله اعلم باالصواب و رسوله صلى الله عليه وسلم
⚠️ نوٹ: شیئر کارڈ میں اردو کے علاوہ دوسری زبان میں تصویر صحیح نہیں آتی، براہِ کرم پی ڈی ایف ڈاؤن لوڈ کیجئے۔