مسئله : از : ایم محمود غفر لها دونی ۲۷ شوال المکرم ۱۳۹۲ھ
روزہ کی حالت میں خوشبو کے لیے مکان میں یا مسجد میں عود بتی سلگانا درست ہے یا نہیں؟ بعض لوگ منع کرتے ہیں اور کہتے ہیں کہ عود بتی روزہ کی حالت میں لگانے سے روزہ فاسد ہو جاتا ہے کیوں کہ عود بتی کا دھواں حلق میں چلا جاتا ہے اور دھواں فاسد روزہ ہے۔ کیا یہ بات صحیح ہے؟
دھواں یا غبار حلق یا دماغ میں اپنے آپ چلا جائے کہ روزہ دار نے قصداً اسے اپنے حلق میں داخل نہیں کیا تو روزہ فاسد نہ ہو گا اگر چہ اسے اپنا روزہ دار ہونا یاد ہے۔ فتح القدیر میں ہے: قوله فاشبه الدخان والغبار اذا دخلا في الحلق فأنه لا يستطاع الاحتراز عن دخولهما لدخولهما من الانف اذا طبق الفم وصار ايضا كبلل يبقى في فيه بعد المضمضة ( فتح القدير ج: ۲، ص: ۳۲۲، کتاب الصوم) دھواں یا غبار حلق میں داخل ہو جائے تو ان دونوں سے بچنا ممکن نہیں کیوں کہ اگر مونھ بند بھی کر لیا جائے تو ناک کا بند کرنا ممکن نہیں تو وہ ایسا ہو گیا جیسا کہ کلی کرنے کہ بعد منہ میں تری رہ جائے ۔ گویا جس طرح کلی کی تری مفسد صوم نہیں اسی طرح دھواں یا غبار کا حلق میں داخل ہونا بغیر قصد کے مفسد صوم نہیں۔ اسی باب کے تحت کافی میں ہے: وفی الاستحسان لا يفسد لانه لا يمكن التحرز عنه ( كما في الفتاوی الرضویه) (الفتاوى الرضويه مخرجه ج 10، ص: 490، کتاب الصوم) یعنی دھواں وغیرہ سے روزہ فاسد نہ ہوگا کیوں کہ اس سے بچنا ممکن نہیں ۔ ہاں اگر لوبان یا اگر بتی وغیرہ جلایا جائے اور جان بوجھ کر روزہ یا درکھتے ہوئے اس کا دھواں حلق یا دماغ میں لے تو البتہ روزہ فاسد ہو جائے گا۔ (کمافی در المختار) ( الدرالمختار و ردالمحتار ، کتاب الصوم، باب ما یفسد الصوم وما لا یفسدہ، ج ۳ ، ص ۴۲۰۔ وغیرهما)
عبارت مذکورہ بالا سے معلوم ہوا کہ اگر جان بوجھ کر دھواں حلق میں لینے کا ارادہ نہ ہو تو اگر بتی جلانے میں کوئی حرج نہیں لیکن اجتناب بہتر ہے۔
والله اعلم باالصواب و رسوله صلى الله عليه وسلم
کتبہ: محمد عبد الحلیم رضوی اشرفی
جامعہ عربیہ اسلامیہ ناگپور،۷ ذو القعدة ۱۳۹۲ھ
⚠️ نوٹ: شیئر کارڈ میں اردو کے علاوہ دوسری زبان میں تصویر صحیح نہیں آتی، براہِ کرم پی ڈی ایف ڈاؤن لوڈ کیجئے۔