کیا فرماتے ہیں علمائے دین و مفتیان شرع متین اس مسئلہ میں کہ اگر عورت کو جو کہ حج پر جانے کی تیاری کر رہی ہے اور روانگی سے پہلے ماہواری کا خون آجائے تو وہ کیا کرے گی؟ احرام باندھ سکتی ہے یا نہیں ؟
الجواب بعون الملك الوهاب
عورت کا حالتِ حیض یا نفاس میں ہونا احرام سے مانع نہیں۔ لہذا صورتِ مسئولہ میں عورت اسی حالت میں غسل کر کے احرام باندھ لے اور حج کے لیے روانہ ہو جائے۔
حدیث پاک میں ہے: أَنَّ النُّفَسَاءَ وَالحَائِضَ تَغْتَسِلُ، وَتُحْرِمُ، وَتَقْضِي المَنَاسِكَ كُلَّهَا، غَيْرَ أَنْ لَا تَطُوفَ بِالبَيْتِ — (سنن الترمذي - ت شاكر – الترمذي (٣ / ٢٧٣)
حیض ونفاس والی عورت غسل کرے اور احترام باندھ لے اور بیتُ اللہ کے طواف کے علاوہ حج کے تمام افعال کو انجام دے۔
فتاوی عالمگیری، ج۱، ص : ۳۸۶ میں ہے:وَإِذَا أَرَادَ الْإِحْرَامَ اغْتَسَلَ أَوْ تَوَضَّأَ وَالْغُسْلُ أَفْضَلُ إلَّا أَنَّ هَذَا الْغُسْلَ لِلتَّنْظِيفِ حَتَّى تُؤْمَرَ بِهِ الْحَائِضُ
جب احرام کا ارادہ کرے تو غسل یا وضو کرے مگر غسل افضل ہے۔ ہاں یہ عمل بدن کی صفائی ستھرائی کے لیے ہے۔ یہاں تک کہ حائضہ کو بھی غسل کا حکم دیا جائے گا۔
المسالك في المناسك ص: ۳۷۴ میں ہے: وتغتسل الحائض والنفساء لان هذا للتنظيف ، لا صلاة والنبي صلى الله عليه وسلم امر عائشة رضي الله تعالى عنها بالغسل عند الدخول بمكة وهى کانت حائضا
حیض اور نفاس والی عورتیں جب احرام کا ارادہ کریں گی تو وہ بھی غسل کریں گی کیوں کہ یہ غسل نظافت کے لیے ہے نہ کہ نماز کے لیے ہے۔ چناں چہ رسولِ اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا کو مکہ داخل ہوتے وقت غسل کا حکم دیا تھا جب کہ وہ حالت حیض میں تھی ۔ واللہ تعالیٰ اعلم
⚠️ نوٹ: شیئر کارڈ میں اردو کے علاوہ دوسری زبان میں تصویر صحیح نہیں آتی، براہِ کرم پی ڈی ایف ڈاؤن لوڈ کیجئے۔