جناب مفتی صاحب السلام علیکم ورحمۃ اللہ و برکا تہ دیگر احوال یہ کہ اس نیچے لکھے ہوئے سوال کا جواب حدیث نبوی صلی اللہ علیہ وسلم و فقہی کتب کے حوالہ سے دینے کی تکلیف گوارہ کریں۔
ایک لاوارث بچہ جو کافر کا ہے ایک مسلمان عورت نے اس کو لے کر اس کی پرورش کی ، وہ بچہ چھ ماہ کے بعد گزر گیا۔ اب اس کے جنازہ کی نماز پڑھنا اور قبرستان کے اندر دفن کرنا جائز ہے یا نہیں؟ فقط والسلام
الجواب بعون الملك الوهـــــــــــــاب
کفار کے بچے احکام دنیا میں اپنے ماں باپ کے تابع ہیں۔ شامی میں ہے: بَلْ هُوَ تَابِعٌ لِأَحَدِ أَبَوَيْهِ إلَى الْبُلُوغِ مَا لَمْ يُحْدِثْ إسْلَامًا وَهُوَ مُمَيِّزٌ (رد المحتار، ج 2، ص 229، كتاب الصلاة، باب صلاة الجنازة) یعنی بچہ اپنے ماں باپ میں سے ایک کے تابع ہے۔ ہاں اگر وہ سمجھ والا ہے اور اسلام لے آیا تو البتہ اس پر احکام اسلام دنیا میں جاری ہوں گے۔ در مختار میں ہے : لَا يُصَلَّى عَلَيْهِ لِأَنَّهُ تَبَعٌ لَهُ أَيْ فِي أَحْكَامِ الدُّنْيَا لَا الْعُقْبَى، لِمَا مَرَّ أَنَّهُمْ خَدَمُ أَهْلِ الْجَنَّةِ. (رد المحتار، ج 2، ص 229، كتاب الصلاة، باب صلاة الجنازة) یعنی کافر کے بچے کی نماز جنازہ نہیں پڑھی جائے گی اس لیے کہ وہ احکام دنیا میں اپنے ماں باپ کے تابع ہے۔ ہاں آخرت میں اہلِ جنت کے خادم ہوں گے۔ ان عبارت مذکورہ بالا سے واضح ہو گیا کہ اس بچے کی نہ نماز جنازہ پڑھی جائے گی اور نہ مسلمان کے قبرستان میں دفن کیا جائے گا بلکہ اس کو علیحدہ دفن کیا جائے گا۔
والله اعلم باالصواب و رسوله صلى الله عليه وسلم
⚠️ نوٹ: شیئر کارڈ میں اردو کے علاوہ دوسری زبان میں تصویر صحیح نہیں آتی، براہِ کرم پی ڈی ایف ڈاؤن لوڈ کیجئے۔