مسئله: از : طالب دعا محمد رفیق چندر پور بروز اتوار ۶ جمادی الاولی ۱۳۹۲ھ
مکرم و محترم مفتی اعظم مدظلہ العالی سلام سنت الاسلام
کیا فرماتے ہیں علمائے دین ومفتیان شرع متین مسئلہ ذیل میں :
صحن مسجد اور حدود مسجد کی شرح کیا ہے؟ اور نماز جنازہ دونوں میں سے کسی میں ہو سکتی ہے؟ ایسی حد جس میں نماز پنج وقتہ ہوتی ہو وہاں جنازہ رکھ کر نیچے کی جگہ جہاں نماز پڑھی جاتی ہے لوگ کھڑے رہ کر نماز جنازہ پڑھ سکتے ہیں؟
الجواب بعون الملك الوهــــــــــــــــــــــــــاب
نماز جنازہ مسجد میں پڑھنا مکروہ تحریمی ہے۔ تنویر الابصار و درمختار میں ہے:(وكرهت تحريما) وقيل (تنزيها في مسجد جماعة هو) أي الميت (فيه) وحده أو مع القوم.(والمختار الكراهة) مطلقا ۔۔ (الدر المختار، ج 2، ص 224، کتاب الصلاة، باب: صلاة الجنازة) یعنی مسجد جماعت میں نماز جنازہ پڑھنا مکروہ تحریمی ہے اور بعضوں نے کہا کہ تنزیہی ہے۔ خواہ مسجد میں جنازہ تنہا ہو یا قوم کے ساتھ ہوا اور خارج مسجد میں صرف تنہا جنازہ ہو یا بعض قوم کے ساتھ ہو مختار مذہب پر مطلقاً مکروہ تحریمی ہے۔ صحن مسجد جہاں گرمی کے موسم میں نماز پڑھی جاتی ہے مسجد ہے لہذا وہاں بھی نماز جنازہ پڑھنا مکروہ تحریمی ہے۔
والله اعلم باالصواب و رسوله صلى الله عليه وسلم
کتبہ: محمد عبد الحلیم رضوی اشرفی
جامعہ عربیہ اسلامیہ ناگپور، ۱۹ جمادی الاولی ۱۳۹۲ھ
⚠️ نوٹ: شیئر کارڈ میں اردو کے علاوہ دوسری زبان میں تصویر صحیح نہیں آتی، براہِ کرم پی ڈی ایف ڈاؤن لوڈ کیجئے۔