کیا فرماتے ہیں علمائے دین اس مسئلہ میں کہ کیا ختم شریف غوثیہ بلند آواز سے ملکر پڑھنا اور سورتیں وغیره پڑھنا جائز ہے یا نہیں، بینوا توجروا۔
صدر الشریعہ، بدر الطریقہ، محققِ فقیہ حضرت مولانا امجد علی صاحب قدس سرہ نے اپنی کتابِ مستطاب ’بہارِ شریعت‘ میں فتاویٰ کی معتبر و مستند کتاب ’درِ مختار‘ کے حوالہ سے تحریر فرمایا: مجمع میں سب لوگ بلند آواز سے قرآن پاک پڑھیں، یہ حرام ہے۔ اگر چند شخص پڑھنے والے ہوں، تو حکم ہے کہ آہستہ پڑھیں۔ ختمِ غوثیہ شریف پڑھنا بہت اچھا ہے۔ اس کے پڑھنے سے دین و دنیا میں بے شمار فوائد حاصل ہوتے ہیں، لیکن جب مجمع اکٹھے مل کر ختمِ غوثیہ شریف پڑھے، تو قرآنِ مجید فرقانِ حمید کی آیتوں کو آہستہ پڑھے اور دیگر اذکار کو بلند آواز سے پڑھ لے۔ اسی طرح جب کہ تیجا، ساتواں، دسواں، چالیسواں وغیرہ مجالس میں قرآنِ مجید کو مجمع میں چند آدمی پڑھیں، تو آہستہ پڑھیں اور دیگر اذکار کو بلند آواز سے پڑھ لیں۔ اس لیے کہ قرآن پاک کو جب بلند آواز سے پڑھا جائے، تو اس کا سننا حاضرین پر ضروری ہے۔
قرآن پاک میں ہے: وَ اِذَا قُرِئَ الْقُرْاٰنُ فَاسْتَمِعُوْا لَهٗ وَ اَنْصِتُوْا لَعَلَّكُمْ تُرْحَمُوْنَ(۲۰۴)(۱)
تفسیر مدارک میں ہے: ظاهره وجوب الاستماع و الانصات وقت قراءة القرآن فی الصلاة وغيرها (۲)
درمختار میں ہے: يجب الاستماع للقراءة مطلقا، لان العبرة لعموم اللفظ — (الدر المختار شرح تنوير الأبصار وجامع البحار – علاء الدين الحصكفي (٧٥)
رد المحتار میں ہے: أَيْ فِي الصَّلَاةِ وَخَارِجَهَا لِأَنَّ الْآيَةَ وَإِنْ كَانَتْ وَارِدَةً فِي الصَّلَاةِ عَلَى مَا مَرَّ فَالْعِبْرَةُ لِعُمُومِ اللَّفْظِ لَا لِخُصُوصِ السَّبَبِ — (حاشية ابن عابدين = رد المحتار ط الحلبي – ابن عابدين (١ / ٥٤٦)
یعنی قرآن کا سننا واجب ہے نماز میں ہو یا نماز سے باہر ہو اس لئے کہ آیت( اِذَا قُرِئَ الْقُرْاٰنُ فَاسْتَمِعُوْا لَهٗ وَ اَنْصِتُوْا۔۔ الخ) کا شان نزول اگرچہ ہے مگر محل خاص ہی کا اعتبار نہیں بلکہ اعتبار عموم لفظ کا ہے۔
مشکوة شریف میں ہے: لا یجھر بعضكم على بعض بالقرآن –
اشعۃ اللمعات میں ہے: آواز بلند نکند از شما بعض بقرآن چہ در نما چہ در غیر آن از مصلی و نائم قاری وذا کر تا موجب تشویش نگرد اور بعض علماء فرماتے ہیں کہ قرآن پاک کا سننا فرض کفایہ ہے۔ لہذا بعض کا سننا کافی ہے جیسے سلام کا جواب دینا فرض کفایہ ہے اس لئے بعض کا جواب دینا کافی ہے،
ردالمحتارمیں ہے: فی شرح المنیھ والطول ان الاستماع للقرآن فرض كفایة لانھ لاقامة حقھ بان یكون ملتفتا الیھ غیر مضیع لذلك یحصل بانصات البعض كما في رد السلام حین كان الرعایة حق المسلم كفى فیھ البعض عن الكل اور علامہ حموی نے استاذ قاضی القضاة کے متعلق فرمایا کہ انہوں نے اپنے رسالہ میں تحقیق کی ہے کہ قرآن پاک سننا فرض عین ہے۔
ردالمحتار میں ہے: وَنَقَلَ الْحَمَوِيُّ عَنْ أُسْتَاذِهِ قَاضِي الْقُضَاةِ يَحْيَى الشَّهِيرِ بِمِنْقَارِي زَادَهْ أَنَّ لَهُ رِسَالَةً حَقَّقَ فِيهَا أَنَّ اسْتِمَاعَ الْقُرْآنِ فَرْضُ عَيْنٍ — حاشية ابن عابدين = رد المحتار ط الحلبي – ابن عابدين (١ / ٥٤٦)
بعض كتب میں فرمایا کہ علماء کی جماعت کثیر کا یہ مسلک ہے کہ نماز سے باہر قرآن پاک کا سننا مستحب ہے۔
تفسیر احمدی میں ہے، استدل بھا بعض علماء الحنفیة فى ان ترك القراءة للموتم فرض وذلك لان الله تعالى یامر باستماع القرآن و الا نصات عند قراة القرآن مطلقا سواء كان في الصلوة او في غیرھا ولكن لما كان عامة العلماء غیر قائلین بوجوب الاستماع خارج الصلوة بل باستحبابھ خلاصہ یہ کہ نماز سے باہر قرآن پاک سننے کے متعلق تین قول مذکور ہیں۔ (1) فرض عین (2) فرض کفایہ (3) مستحب
(امام اہلسنت اعلحضرت فاضل بریلوی قدس سره نے اپنے فتاوی میں تحقیق فرمائی کہ اگر قرآن پاک کے سننے کے لئے جمع ہوئے ہوں، تو قرآن پاک کے وقت ہر ایک کا چپ رہنا واجب ہے، اگر چہ ہزاروں کی تعداد میں ہوں، چاہے ان کو دوری کی وجہ سے پڑھنے والے کی آواز نہ پہنچے، لیکن جب کہ لوگ اپنے اپنے کاروبار میں ہوں تو قرآن پاک سننے کا قصد نہ رکھتے ہوں تو بعض کے سننے سے فرض ادا ہو جائیگا ۔ پہلے قول کی بنا پر نہ سننے والے اور نہ چپ رہنے والے سب گنہگار ہیں اور دوسرے قول کی بنا پر اگر بعض سن لیں گے اور چپ رہیں گے ، تو کوئی گنہگار نہیں ورنہ سب گنہگار، تیسرے قول کی بنا پر نہ سننے والے اور نہ چپ رہنے والے مستحب کے ترک کرنے والے ہیں۔ جو قرآن پاک کی تلاوت کے وقت خاموش رہے اور سنے تو وه شریعت کے مطابق عامل اور اجر عظیم حاصل کرنے والا ہے، لہذا تحقیق یہی ہے کہ یا سب آدمی قرآن پاک کی سورتوں اور آیتوں کو آہستہ پڑھیں یا ایک آدمی بلند آواز سے پڑھے اور باقی حضرات غور سے سنیں، اور خاموش رہیں ۔ ختم شریف کو ہرگز بند نہ کریں۔ بلکہ جاری رکھیں ۔ کیونکہ یہ دین و دنیا کے فیوض و برکات و حصول حسنات کا ذریعہ ہے۔ والله تعالیٰ و رسولہ الا علیٰ اعلم۔
⚠️ نوٹ: شیئر کارڈ میں اردو کے علاوہ دوسری زبان میں تصویر صحیح نہیں آتی، براہِ کرم پی ڈی ایف ڈاؤن لوڈ کیجئے۔