مولا نا مفتی اعظم مصطفی رضا خان محترم بزرگ کی خدمت میں خاکسار کا سلام قبول ہو۔ بعد از خیریت آپ کا اور اہلِ قوم کی خیریت کا خداوند کریم سے شب و روز طالب ہوں ۔ سوال تحریر کر رہا ہوں امید رکھتا ہوں کہ آپ احادیث کا حوالہ دیتے ہوئے حل روانہ کریں گے۔
مسجد میں جس مقام پر امام اور مقتدی فرض نماز ادا کرتے ہیں اس مقام پر نماز جنازہ ہو سکتی ہے یا نہیں؟ ( عام طور پر مسجدوں میں چبوترے بنے ہوتے ہیں علاوہ اس کے کچھ حصہ صحن کا ہوتا ہے کچھ حصہ لوگوں کے بیٹھنے یا بیڑی وغیرہ پینے کا ہوتا ہے ) ان باتوں کا خیال رکھتے ہوئے جواب دیجئے آیا نماز مسجد کی حد یعنی چبوترے پر ہو سکتی ہے یا پھر اس چبوترے کی حد سے باہر ادا کر سکتے ہیں؟ اس کا جواب ضرور ضرور بھیجیے گا۔
الجواب بعون الملك الوهـــاب
صحن مسجد میں نمازِ جنازہ جائز نہیں۔ خواہ جنازہ اور مقتدی مسجد کے اندر ہوں یا جنازہ باہر اور امام و مقتدی اندر یا امام اور بعض مقتدی باہر ہوں اور بعض مقتدی مسجد کے اندر۔ بہر صورت نماز جنازہ مکروہ تحریمی ہوگی ۔ تنویر الابصار اور در المختار میں ہے کہ " وكرهت تحريما في مسجد جماعة هوأي الميت فيه واختلف في الخارجة عن المسجد وحده أو مع بعض القوم والمختار الكراهة مطلقا مخلصا." (الدر المختار شرح تنوير الأبصار وجامع البحار – علاء الدين الحصكفي، ص 121، کتاب الصلاة، باب: صلاة الجنازة)۔
والله اعلم باالصواب و رسوله صلى الله عليه وسلم
⚠️ نوٹ: شیئر کارڈ میں اردو کے علاوہ دوسری زبان میں تصویر صحیح نہیں آتی، براہِ کرم پی ڈی ایف ڈاؤن لوڈ کیجئے۔