ایک مسلمان درویش جس کا کلام شرعی اور طریقت کے تذکرے سے بھرا ہوا ہوتا ہے، کشف اور کرامتیں بھی اکثر ظاہر ہوا کرتی ہیں اور غیروں کو نصیحت بھی کرتا ہے، لیکن خود مسکرات (نشہ آور اشیاء) میں مبتلا ہے اور بظاہر نماز سے کچھ علاقہ نہیں؛ ایسے شخص سے مرید ہونا اور ارادت رکھنا چاہیے یا نہیں؟ اور اس کا اعتقاد بالولایت کرنا چاہیے یا نہیں؟ اگر وہ ممنوعات لانے کے لیے کہے یا پیسہ طلب کرے، تو اس کی بات ماننی چاہیے یا نہیں؟
سائل: مولوی احسان علی، طالبِ علم مدرسہ اہلِ سنت
۱۳ جمادی الاولیٰ ١٣٤٠ھ۔
پیر کے لیے چار شرطیں ہیں (۱)۔ ان میں ایک یہ بھی ہے کہ فاسقِ معلن نہ ہو۔ اور جب یہ شخص تارکِ صلاۃ اور شاربِ خمر (شراب پینے والا) ہے، تو ہرگز اسے پیر نہ بنایا جائے، اگرچہ اس سے خوارق (کرامات) ظہور میں آتے ہوں؛ اور نہ اس کے کہنے سے ممنوعات کا ارتکاب کیا جائے۔
”لا طاعة لمخلوق في معصية الخالق“ (یعنی: خالق کی نافرمانی میں مخلوق کی کوئی اطاعت نہیں)۔
اور اسے پیسہ بھی نہ دیا جائے، کیونکہ شراب خور ہے تو شراب میں ہی صرف کرے گا۔ اور اللہ عزوجل فرماتا ہے: ﴿وَتَعَاوَنُوْا عَلَى الْبِرِّ وَ التَّقْوٰى ۪-وَ لَا تَعَاوَنُوْا عَلَى الْاِثْمِ وَ الْعُدْوَانِ۪﴾(۲) (القرآن، المائدۃ، الآیۃ: 2)واللہ تعالیٰ اعلم
⚠️ نوٹ: شیئر کارڈ میں اردو کے علاوہ دوسری زبان میں تصویر صحیح نہیں آتی، براہِ کرم پی ڈی ایف ڈاؤن لوڈ کیجئے۔