ایک شخص کی شادی تقریباً آٹھ سال قبل ہوئی تھی، میاں بیوی میں بڑاسلوک آج تک رہا، اور نہ ہی اسکی بیوی کو یہاں کے کسی رشتہ دار سے تکلیف پہنچی ہے،ابھی تک اس کی اولاد نہیں ہوئی ، خدا کی قدرت ہے، آدمی طاقتور مرد ہے، شاید اس کے ماده میں کوئی فرق ہو ڈاکٹر کے کہنے کے مطابق اب بیوی کے والدین طلاق دلوانا چاہتے ہیں، اس کی بیوی کو بھی اکساتے ہیں، میاں طلاق نہیں دیتا، شریعت اس کے بارے میں کیا کہتی ہے، فتویٰ عنایت کیا جاوے۔ بینوا توجروا۔
عورت کو طلاق دینے کا اختیار شریعت نے مرد کو دیا ہے، مرد جب چاہے طلا ق دے۔ جب چاہے نہ دے، قرآن پاک میں ہے، بِیَدِهٖ عُقْدَةُ النِّكَاحِؕ
حدیث شریف میں ہے: الطَّلَاقُ لِمَنْ أَخَذَ بِالسَّاقِ — (سنن ابن ماجه - ت عبد الباقي – ابن ماجه (١ / ٦٧٢)
مرد جبكہ عورت سے وطی کرنے پر قادر ہے، تو عورت کو نکاح فسخ کرانے کا حق نہیں ہوتا۔ چنانچہ بہار شریعت میں عالمگیری کے حوالہ سے تحریر فرمایا: شوہر جماع کرتا ہے مگر منی نہیں ہے کہ انزال ہو تو عورت کو دعوے کا حق نہیں۔ (1) (عالمگيری)۔ صورت مسئولہ میں مرد جبکہ وطی کرنے پر قادر ہے، تو عورت کو طلاق لینے یا نکاح فسخ کرنے کا شرعاً کوئی حق نہیں اگر چہ اس عورت کے آٹھ سال سے بچہ پیدا نہ ہوا ہو، بچہ کا پیدا ہونا قبضہ قدرت باری تعالیٰ ہے، مرد و عورت کے اختیار کی بات نہیں ۔ والله تعالی و رسولہ الا علیٰ اعلم۔
(1) ↩''الفتاوی الھنديۃ''،کتاب الطلاق، الباب الثاني عشرفي العنین ،ج۱، ص۵۲۵
⚠️ نوٹ: شیئر کارڈ میں اردو کے علاوہ دوسری زبان میں تصویر صحیح نہیں آتی، براہِ کرم پی ڈی ایف ڈاؤن لوڈ کیجئے۔